قائد اعظم ایک نڈر، بے باک، مخلص اور باکردار لیڈر تھے : محمد عمران سلفی

مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) قائد اعظم ایک نڈر، بے باک، مخلص اور باکردار لیڈر تھے جنہیں کوئی لالچ اور خوف اپنے مقصد سے ہٹانہ سکاـ قائداعظم کی قیادت میں عظیم جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں ایک الگ وطن تو ملا لیکن بدقسمتی سے 68 سال گزرنے کے باوجود ہم آج بھی منزل سے بہت دور ہیںـ قائداعظم ایسی عظیم شخصیت ہیں جن کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہےـ

ان خیالات کا اظہار صدر پریس کلب مصطفی آباد محمد عمران سلفی نے یوم قائد اعظم کے حوالے سے پریس کلب مصطفی آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو محفوظ اورکامیاب زندگی گزارنے کیلئے ایک علیحدہ اور منفرد ملک کا تحفہ دیاـ لیکن بدقسمتی سے آج وطن عزیزدہشت گردی اور انتہاء پسندی جیسے سنگین مسائل سے دوچارہےـ دہشت گردی کی آگ نے ملک کو لپیٹ میں لے رکھاہےـ 40ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں جن میں پاک افواج ، پولیس کے افسران و جوان، انکے بچے اور عام شہری بھی شامل ہیں اب ملک کو دہشت گردی سے مکمل طو رپر پاک کرنے کا وقت آگیا ہےـ

پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرناہے اور دہشت گردوں کو شکست دیناہےـ پاک افواج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردوں سے برسرپیکار ہیںـانشاء اﷲ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے اور وطن عزیز کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لیں گےـ ا نہوں نے کہاکہ آج کے دن ہمیں پاکستان کے تابناک مستقبل کے لئے قائد اعظم کے فرمودات کو اپناتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا نے کے عہد کی تجدید کرنا ہوگیـ

بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے قائد اعظم کے فرمودات اور افکار کی روشنی میں لائحہ عمل ترتیب دے کر آگے بڑھناہوگا اوریہی واحد راستہ ہے جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میںتاریخی جدوجہد کے نتیجہ میں ہمیںایک آزاد ملک پاکستان نصیب ہوا جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیںـ

Mohammad Imran Salafi

Mohammad Imran Salafi