لاہور (جیوڈیسک) درجنوں ہٹ فلموں کی اداکارہ جنہیں دیکھ کر دل کی کلیاں کھل اٹھیں۔ ہزاروں سدا بہار نغموں کی گلوکارہ جنہیں سن کر دل کے تار بج اٹھیں۔ قدرت نے سروں کی ملکہ کو دلوں میں گھر کر جانے والی آواز سے نوازا۔ اکیس ستمبر انیس سو چھبیس کو پنجاب کے شہر قصور میں پیدا ہونے والی نور جہاں الفاظ کی ادائیگی اور اتار چڑھاؤ میں اپنا ثانی نہیں رکھتی تھیں۔
ملکہ ترنم کے گائے ہوئے گانے فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ نورجہاں کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پہچان بنے۔ نور جہاں کے اردو اور پنجابی میں گائے ہوئے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔
میڈم نور جہاں کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے صفحہ اول پر ان کا ڈوڈل جاری کیا ہے۔