لاہور (جیوڈیسک) لاہور کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے پاکستان میں تین روز مہمان رہنے کے بعد سری لنکا روانہ ہو گئی، کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے وفد کاکہنا تھا کہ ان کا پاکستان میں قیام بہت اچھا رہا، ہمیشہ یاد رہے گا۔ کامن ویلتھ گیمز ویلتھ کا سات رکنی وفد کوئنز بیٹن ریلے کے ہمراہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کے ذریعے دوبئی روانہ ہوا جہاں سے سری لنکا پہنچے گا۔
کوئنز بیٹن ریلے تین روز قبل لاہور پہنچی تھی، روانگی سے قبل ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری لوئیز مارٹن نے کہا کہ لاہور میں ان کا قیام بہت اچھا رہا، انہوں نے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا بھی گلاسکو میں بھرپور خیرمقدم کیا جائے گا۔