کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے علاقے علی آباد میں امام بارگاہ کے قریب خودکش دھماکہ میں 2 خواتین سمیت 25 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہزارہ ٹاون کے محلہ علی آباد کے بلخی چوک پر واقع امام بارگاہ ابو طالب میں نماز مغربین کے اختتام پر ایک خودکش حملہ آور نے روکاوٹیں عبور کر کے آگے بڑھنے کی کوشش کی جب اسے روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، عینی شاہدین کے مطابق اس کے ہاتھ میں دستی بم بھی موجود تھے۔ واقعے میں 2 خواتین سمیت 25 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس، سی ایم ایچ اور سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 8 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد ٹرانسفارمر پھٹنے سے علاقے میں بجلی کا نظام منقطع ہوگیا جبکہ کئی دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نمائندہ ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے میں سرچ آپریشن کر رہا ہے۔
جبکہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی ہے اور تحقیقات کیلئے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ ہزارہ ٹاون کے مکین دہشت گردی کے تواتر سے ہونے والے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی ادارے حفاظت نہیں کر سکتے تو ہمیں ہمارے حال پر چھوڑدیں۔