کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں سی آئی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے مبینہ دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ کوئٹہ سے بارود کراچی لاکر شہر بھر میں پہنچایا جاتا ہے ، ملز م نے ایس ایچ او قائد آباد کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔ مبینہ دہشت گرد اسد بھائی جان کو سی آئی ڈی نے اتحاد ٹاون سے گرفتار کیا تھا۔
دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ یونس محسود بس کے ذریعے بارود اور بم بنانے کا سامان کوئٹہ سے کراچی کے علاقے بنارس منتقل کرتا ہے اور پھر سارا سامان شہر کے مختلف علاقوں میں پہنچایا جاتا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ گلشن بونیر میں اس کے ساتھیوں نے دو پولیو ورکرز کو بھی قتل کیا تھا۔
جبکہ بنارس میں پوسٹ آفس وین سے ایک ایس ایم جی اور چار لاکھ روپے لوٹے اور دو پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کے علاوہ کھارادر کے علاقے میں مخبری کے شبے میں ایک شخص کو بھی قتل کیا ،،ملزم نے انکشاف کیا کہ ایس ایچ او قائد آباد کو نشانہ بنانے کے لیے کچرا کنڈی میں دو روز قبل دو بم رکھے تھے۔