کوئٹہ (جیوڈیسک) ہزارہ ٹاؤن کے علاقے علی آباد میں خودکش دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں واقع علی آباد میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور25 سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور بازار کے قریب کیا گیا ، حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اس وقت اڑایا جب لوگ مقامی بازار میں عید کی خریداری میں مصروف تھے، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جبکہ دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے حکام سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ وزیراعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے، شیعہ علما کونسل، جعفریہ الائنس، مجلس وحدت المسلمین نے واقعہ میں ہلاکتوں پر سوگ کا اعلان کیا ہے۔