برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے ایک اور واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پربہت افسوس اور دکھ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے برسلزسے ایک مذمتی بیان جاری کر کے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں زرغون روڈ پر صوبائی اسمبلی کی عمارت کے قریب منگل کے روز خودکش حملے میں چارپولیس اہلکاروں سمیت سات افراد جانبحق اورسترہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے بیان میں کہاکہ دہشت گردانہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل نفرت ہیں۔ انھوں نے ان واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشد د اور دہشتگردی کسی بھی صورت میں قابل تحمل نہیں۔ بے گناہ اورنہتے لوگوں پرحملے ہرگز قابل قبول نہیں۔ یہ آزادی، انسانی اقدار اور انسانیت پر حملہ ہے۔
علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی کی بھی مذمت کی اور کہاکہ کشمیری ستر سالوں سے بھارتی فورسز کی طرف سے دہشت گردی کا شکار ہیں۔ انھوں نے حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کی۔
انھوں نے کہاکہ منگل کے روز بھی ایک کشمیری نوجوان خالد ڈار کلگام کے علاقے میں نہتے مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ میں شہید ہوئے۔
بھارت نے سات عشروں سے کشمیریوں پر بربریت جاری رکھی ہوئی ہے لیکن کشمیری مصمم ہیں کہ وہ اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔