کوئٹہ : بی بی زینب کے مزار پر حملے کیخلاف شیعہ تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

Quetta Protest

Quetta Protest

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں شیعہ علما کونسل بلوچستان اور ہزارہ قومی جرگہ کے زیرِ اِہتمام شام میں حضرت بی بی زینب کے مزار پر دہشت گردوں کے حملے کیخلاف کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کئے مظاہرے کی قیادت چیئرمین ہزارہ قومی جرگہ حاجی چنگیزی ،علامہ جمعہ اسدی اور دیگر نے کی۔ مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں کا کہنا تھا کہ حضرت بی بی زینب کے مزار پر دہشت گردوں کا حملہ اِنتہائی بزدلانہ فعل ہے۔

حضرت بی بی زینب کی لازوال قربانوں کی وجہ سے آج دنیا میں اِسلام کا وقار زندہ ہے۔ مظاہرے میں شریک رہنماوں نے شام کی صورتحال پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جو کچھ شام میں ہو رہا ہے یہی صورتحال دیگر مسلم ممالک میں بھی بن سکتی ہے۔ مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ تفرقہ پھیلانے والے گروہ کے خِلاف سخت اِقدامات کئے جائیں اور ملک کو افراتفری سے بچایا جائے۔