کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے ہر طرف جل تھل کر دیا، نشیبی علاقوں اور اہم سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا، جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وادی کوئٹہ میں صبح سے مطلع جزوی طور پر ابرآلود تھا، پھر اچانک گھنگھور گھٹا چھاگئی، پہلے ہلکی اور بعد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہو گئی جو وقفے وقفے سے سہ پہر تک جاری رہی۔

موسلا دھار بارش سے موسم خوش گوار ہو گیااور ہر شے دھل کر نکھر گئی۔ بارش سے جناح روڈ، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، کاسی روڈ، پٹیل روڈ، شاہراہ اقبال، مسجد روڈ، عبدالستار روڈ، ڈبل روڈ، زرغون روڈ، گوردت سنگھ روڈ، شاوکشاہ روڈ اور ان سے ملحقہ سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ پانی کھڑا ہونے اور ٹریفک جام سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

کوئٹہ کے علاوہ پشین، مستونگ، لورالائی، ژوب، چمن، قلعہ عبداللہ، بارکھان، خاران،موسی خیل، قلات، ہرنائی، بولان، زیارت اور مسلم باغ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کی دوران ان علاقوں میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید باش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔