کوئٹہ: بلوچستان کے 17 اضلاع 24 گھنٹے بعد بھی بجلی سے محروم

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ مچھ کے قریب بجلی کا ٹاور دھماکے سے تباہ کئے جانے کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سترہ اضلاع میں 24 گھنٹوں کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ بولان کے علاقے مچھ میں گزشتہ رات ڈھائی بجے کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے 220 کے وی کے ٹاور کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے کے سترہ اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

چمن، ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، مستونگ، مسلم باغ، زیارت، لورالائی اور بولان سمیت کئی علاقے مسلسل اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ بجلی کی بندش سے لوگوں کو سحری اور افطاری میں پریشانی کا سامنا ہے۔ اسپتالوں میں بجلی نہ ہونے سے مریضوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ کیسکو حکام کے مطابق سیکورٹی کلیرنس نہ ہونے کے باعث کئی گھنٹوں بعد بھی ٹاور کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا جا سکا۔ صرف کوئٹہ کو مختلف فیڈرز سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔