کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا پشتون آباد کے علاقہ میٹھا چوک میں واقع ایک آئس کریم کی دکان میں ہوا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ریسکیو ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ایمبیولینسوں کے ذریعے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ایک شخص کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر عام آمدورفت کیلئے بند کر دیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے.