کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا ۔ حملہ آور فرار ہو گئے۔ کوئٹہ کی ریلوے سوسائٹی میں سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ پر دو سائیکل سواروں نے دو دستی بم پھینکے جو گھر کے لان میں گرے۔
حملے کے وقت اختر مینگل رہائش گاہ میں موجود نہیں تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کئے۔ بی این پی کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس آج اسی رہائش گاہ پر ہو گا۔
جس کی صدارت اختر مینگل کریں گے۔ وزیراعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے اخترمینگل کے گھر پر دستی بم حملے کی شدید مذمت کی ہے اور فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ذرائع سے گفتگو میں اختر مینگل کا کہنا تھا کہ بزدلانہ حملوں سے خو فزدہ نہیں ہوں گے۔