کوئٹہ (جیوڈیسک) کانگو وائرس قاتل بن گیا، آج بھی ایک متاثرہ مریض زندگی کی بازی ہار گیا ، مزید دو متاثرہ مریض ہسپتال پہنچ گئے، دو افراد کی حالت تشویشناک ہے، ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
کوئٹہ میں موت نے کانگو وائرس کی شکل میں پنجے گاڑ لیے اور مہلک وائرس لوگوں کی جان لینے لگا۔ آج بھی فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں ایک مریض دم توڑ گیا۔
گزشتہ روز بھی کانگو وائرس سے متاثرہ دو افراد لقمہ اجل بن گئے، ژوب اور افغانستان سے متاثر مزید دو مریض ہسپتال پہنچ گئے ، ایک مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث انتظامیہ نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، ہسپتال میں اس وقت 9 مریض زیر علاج ہیں ، تین دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی۔
رواں سال صوبے کے مختلف علاقوں سے کانگو وائرس سے متاثر ہونے والے 80 افراد علاج کے لیے آئے جن میں سے 15 افراد کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔