کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سے ماہر امراض قلب ڈاکٹر مناف ترین کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا، ان کی عدم بازیابی کے خلاف ڈاکٹرز تنظیموں کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ پندرہ روز سے علامتی ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ مناف ترین کی عدم بازیابی کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان اور ینگ ڈاکٹرز سمیت ڈاکٹروں کی دیگر تنظیموں کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں صبح آٹھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک چار گھنٹے کے لئے علامتی ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈاکٹروں کا مطالبہ ہے ڈکٹر مناف ترین کو جلد بحفاظت بازیاب کیا جائے۔ دوسری جانب ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث روزانہ ہسپتالوں میں آنے والے غریب اور مستوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر پروفیسر مناف ترین کو سولہ روز قبل کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ سے اغوا کر لیا گیا تھا۔