کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی کے باہر ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج پولیس کی ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج۔ شیلنگ سے علاقہ میدان جنگ۔ ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کے دوران بلوچستان اسمبلی کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی اور لاٹھی چارج شروع کر دیا۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاج کر رہے تھے۔
ینگ ڈاکٹرز نے پولیس کے تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ سول ہسپتال اور بی ایم سی ہسپتال میں شعبہ حادثات سمیت تمام شعبوں میں ڈاکٹرز نے کام بند کر دیا۔