کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں بدامنی کی نئی لہر، امن دشمنوں نے ایک بار پھر ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ ڈبل روڈ پر فائرنگ کر کے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4 اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ امدادی ٹیموں نے شہید ایف سی اہلکاروں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں انکی شناخت لانس نائیک عتیق الرحمان، سپاہی محمد شریف، نائیک محمد اعظم اور لانس نائیک تنویر کے نام سے ہوئی ہے۔
شہید ایف سی اہلکاروں کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان، وزیر داخلہ بلوچستان اور آئی جی ایف سی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے واقعے کے مذمت کرتے ہوئے کہا سیکورٹی اداروں پر حملہ کرنے والے خوف و ہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم ان ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کے نتیجے میں صوبے میں امن قائم ہوا ہے جسے دوبارہ سے تباہ کرنے نہیں دیا جائےگا۔
سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ روز بھی کوئٹہ میں دہشتگردی کے دو مختلف واقعات میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔