کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں ریلوے ملازمین کی جانب سے بجلی لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کے باعث کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی ٹرین ڈیڈھ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوگئی۔
کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ لوکو شیڈ میں ریلوے ملازمین اور مزدورو ں نےاحتجاجی مظاہرہ کیا۔ اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلوے کالونی میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
جبکہ علاقے میں پانی کی فراہمی گزشتہ کئی روز سے بند ہے جس کی وجہ سے رمضان اور گرمی میں انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ آج احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب احتجاج کے دوران کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس وقت پر اسٹیشن سے روانہ نہیں ہوسکی۔ تاہم انتظامیہ کی مسائل کے حل کے حوالےسے یقین دہانیوں کے بعد ملازمین نے احتجاج ختم کردیا اور جعفر ایکسپریس ڈیڈھ گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوگئی۔