کوئٹہ (جیودیسک) میزان چوک میں ایف سی کی فائرنگ سے بہاولپور کا شہری دم توڑ گیا۔ فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی شدید زخمی ہو گیا۔ کوئٹہ میں ایف سی کے ہاتھوں شہریوں کے مارے جانے کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں جن میں خروٹ آباد کا واقعہ سب سے نمایاں ہے۔ اس واقعہ میں پانچ افراد دم توڑ گئے تھے۔
ایف سی اہلکار نے تلاشی کے دوران فائرنگ کر دی جس سے بہاولپور کا رہائشی سلیم مغل موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ایف سی نے موقف اختیار کیا کہ سلیم نے تلاشی کے دوران اسلحہ چھیننے کی کوشش کی تاہم عینی شاہدین نے فائرنگ کو بلا جواز قرار دیا۔ واقعہ میں دین محمد نامی راہگیر بھی زخمی ہو گیا جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جاں بحق ہونیوالے سلیم کی بیوہ کے مطابق وہ چار سال قبل کوئٹہ آئے تھے ان کی کسی سے بھی کوئی دشمنی نہیں۔