دبئی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل فور میں جگہ بنالی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19 ویں اوور میں 122 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عمر صدیق اور جیمز ونس نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں وینس 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد جانسن چارلس نے عمر صدیق کے ساتھ مل کر 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 62 کے مجموعی اسکور پر عمر صدیق 14 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
ملتان سلطانز کی وکٹیں گنوانے کے باوجود کپتان شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے اور پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سلطانز کی جانب سے جانسن چارلس 46 اور شعیب ملک 21 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ملتان الیون کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر اور ڈیوائن براوو نے 3، 3 جب کہ محمد نواز نے 2 اور محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز کے 122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احسن علی نے کیا اور دونوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی تاہم 49 کے مجوعی اسکور پر شین واٹسن 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ احسن علی کی گری جو کہ 17 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ تیسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد اور رلی روسو نے 48 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 103 کے مجوعی اسکور پر روسو 35 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد عمر اکمل بھی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔
کوئٹہ نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز کا ہدف حاصل کیا جب کہ اس کامیابی کے بعد سرفراز الیون نے فائنل فور میں جگہ بنالی ہے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رلی روسو 35 اور شین واٹسن 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 2 اور محمد الیاس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان کی اس شکست کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے۔