کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

Quetta Gladiators

Quetta Gladiators

دبئی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں اسکور بورڈ پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز کا ہندسہ سجایا۔

مصباح الحق 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کامران اکمل نے بھی 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود نے 26 اور ڈاؤسن نے 21 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے دو جب کہ عمران جونیئر اور غلام مدثر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو شروعات میں ہی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا، احمد شہزاد اور شین واٹسن جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں عمر اکمل اور سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ الیون نے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

عمر اکمل 75 اور کپتان سرفراز احمد 37 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی اور عمید آصف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔