کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یک طرف مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں امام الحق تین رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
میچ کے چوتھے اوور میں کامران اکمل بھی 21 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ صہیب مقود بھی 20 گیندوں پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہیں ڈیوائن براوو نے رلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
عمر امین نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ گل نبی نے 9 اور کیرون پولارڈ نے 7 رنز بنائے۔
ڈیرن سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا سکے اور اس طرح پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔
کوئٹہ کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے 30 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیوائن براوو نے دو جب کہ فواد خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا لیکن شین واٹسن 7 رنز بنا کر عمر امین کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے جب کہ احسن علی بھی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
66 رنز پر دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد اور رلی روسو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
احمد شہزاد ففٹی اسکور کرنے کے بعد شائقین سے داد وصول کر رہے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی احمد شہزاد نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ رلی روسو بھی 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ نے 139 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 18 اوور میں پورا کر لیا۔