کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی، پشاور زلمی کو شکست

PSL

PSL

دبئی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور 29 رنز کا آغاز فراہم کیا، کامران اکمل کو انور علی نے 9 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد محمد نواز نے مسلسل دو گیندوں پر محمد حفیظ کو 15 اور بریڈ ہوج کو بغیر کسی رنز پر آؤٹ کیا جس سے کوئٹہ کی میچ میں واپسی ہوئی۔ شاہد یوسف اور جوہنی برسٹو نے 26 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم دونوں کھلاڑی 15، 15 رنز پر ایلیٹ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان شاہد آفریدی گراؤنڈ میں آئے اور 4 گیندوں پر 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔

ڈیرن سیمی نے 28 گیندوں پر 38 رنز بنا کر پشاور کو میچ میں واپسی لا کھڑا کیا لیکن وہ محمد نواز کی گیند پر میک کولم کو کیچ دے بیٹھے، آخری لمحات میں وہاب ریاض نے 15 گیندوں پر 22 رنز بنائے جس سے پشاور کی جیت بظاہر یقینی دکھائی دے رہی تھی تاہم اعزاز چیمہ نے آخری اوور کی چوتھی اور پانچویں گیند پر مسلسل حسن علی اور وہاب ریاض کو آؤٹ کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور محمد نواز نے 3،3 جب کہ اعزاز چیمہ نے 2 اور انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ احمد شہزاد اور بسمہ اللہ خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پشاور کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 رنز پر دونوں اوپنرز کو پویلین واپس بھیج دیا۔

حسن علی نے دوسری ہی بول پر بسمہ اللہ خان کو آؤٹ کیا جب کہ محمد اصغر نے چوتھے اوورز میں احمد شہزاد کو کامران اکمل کے ہاتھوں اسٹمپ کرواکر پشاور کو دوسری کامیابی دلوائی، جس کے بعد کیون پیٹرسن اور کمارا سنگاکارا نے تیسری وکٹ کے لیے 79 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی سنگاکارا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد کو بغیر کوئی رنز بنائے شاہد آفریدی نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کرپویلین بھیج دیا، کیون پیٹرسن 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ دیگر آنے والے کھلاڑیوں میں کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، محمد نواز 20، نیتھن میک کولم اور انور علی ایک ، ایک جب کہ ذوالفقار بابر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 ، شان ٹیٹ 2 جب کہ حسن علی، محمد اصغر، شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کے کپتان شاہدآفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی پرفارمنس سےمطمئن نہیں ہوں تاہم عوام میں پی ایس ایل کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور امید ہے کہ عوام فائنل تک ٹورنامنٹ دیکھنےآئیں گے۔ دوسری جانب نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ آج کےمیچ کابہت پریشرتھا اور بولروں کی کارکردگی بھی انتہائی زبردست تھی تاہم ٹیم کوبڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ہفتے کواسلام آباد یونائیٹڈ کراچی کنگزکے درمیان دوسرا کوالیفائنگ فائنل ہوگا، کراچی اور اسلام آباد کے درمیان ہونے والے میچ میں ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی جبکہ فاتح ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پشاور زلمی کو شکست دینا ہوگی۔