کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا، ملزموں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سریاب روڈ کے علاقے سریاب میل ڈاک خانے کے قریب دو پولیس اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائر نگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹبل منیر احمد اور کانسٹبل نصیب اللہ شدید زخمی ہوئے۔
دونوں اہلکاروں کو سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی چل بسے، واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور ملزموں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔