کوئٹہ میں موسلا دھار بارش، کئی علاقے ڈوب گئے

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، کچے مکانات گرنے سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ بلوچستان میں شدید آندھی اور بارش سے ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی، سترہ اضلاع کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ رات نو بج کر تیس منٹ پر بادلوں نے کوئٹہ کو گھیرے میں لے لیا۔ پھر ایسا جم کر برسے کہ ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دینے لگا۔

بارش کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی۔ تیز ہوا اور بارش سے کئی درخت اور سائن بورڈ اکھڑ گئے، درجنوں کچے مکانات بھی منہدم ہو گئے۔ نواں کلی میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ بارش کے باعث بیشتر سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام بھی دیکھا گیا۔

کوئٹہ کے ساتھ ساتھ مچھ اور گردو نواح میں بھی جل تھل ہو گیا۔ سبی میں بھی بادل خوب برسے۔ قلات، مستونگ، قلعہ سیف اللہ اور مکران میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ دوسری جانب آندھی اور بارش کے باعث دو سو بیس کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی اور صوبے کے سترہ اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔