کوئٹہ سے اسلام آباد پیدل جانے والا خواتین کا قافلہ ماما قدیر بلوچ کی قیادت میں وزیرآباد پہنچ گیا

وزیر آباد: اپنے لاپتہ پیاروں کی بازیابی کیلئے کوئٹہ سے اسلام آباد پیدل جانے والا خواتین کا قافلہ ماما قدیر بلوچ کی قیادت میں وزیرآباد پہنچ گیا۔ چوک مسجد مسافراں پہنچنے پر سابق ناظم محمد حفیظ خلجی، صدر انجمن شہریاں سید علی عباس شاہ،صدر پریس کلب افتخار بٹ،چیئرمین پریس کلب سوہدرہ نجیب اللہ ملک،الحاج مرزا تقی علی،صابر حسین بٹ،مہر طاہرجاوید مٹھو،عرفان الیاس بٹ،ملک اسلم کلیار، نعیم اشرف ،عبد القیوم بھٹی،سٹی امیر مرزا غلا م مصطفی نے قافلہ کے شرکاء کا استقبال کیا اور قافلہ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

قافلہ کی قیادت کرنے والے ماما قدیر بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم سچے پاکستانی ہیں ہم پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں ہمارے 18500 نوجوان لاپتہ ہیں جن میں سے 2 ہزار کی مسخ شدہ لاشیں مختلف چوراہوں میں مل چکی ہیں جبکہ200 کے شناخت بھی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پرامن احتجاج کو راستہ اختیار کرتے ہوے آج سے96 روز قبل کوئٹہ سے پیدل اسلام آباد سفر کا آغاز کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے پیاروں کی بیرونی قوتیں اٹھا لے گئی ہیں تو حکومت پاکستان کہا تھی جس کی پہلی ذمہ واری اپنے شہریوں کی جان مال کی حفاظت کرنا ہوتی ہے۔