کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے اور دہی کی فی کلوقیمت میں 15 روپے تک اضافہ کردیا گیا ، دودھ فروشوں کی من مانی پر ضلعی انتظامیہ اور پرائس کمیٹی خاموش تماشائی بن گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فی لٹر دس روپے اضافے کے بعد دودھ کی قیمت 86 روپے ہوگئی جبکہ ایک کلو دہی کی قیمت سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔ کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے نوماہ پہلے مقرر کئے گئے آخری نرخ نامے میں دودھ کی قیمت 65 روپے اور دہی کی قیمت 70 روپے فی کلو مقرر کی تھی۔
دودھ فروشوں کا موقف ہے کہ ڈیری مالکان نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بھی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں پرائس کمیٹی نام کی کوئی چیزنہیں ہے۔ اس لئے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا جارہا ہے۔