کوئٹہ (جیوڈیسک) میں فائرنگ کے واقعات اور قتل کی وارداتوں کے خلاف ہزارہ ڈیمو کرٹیک پارٹی کی کال پر ہڑتال کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ ہزارہ ڈیمو کرٹیک پارٹی نے گزشتہ روز فائرنگ کے واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف آج شٹر ڈان کی کال دی ہے جس پر علمدار روڈ اس کے اردگرد کے علاقوں میں مکمل جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں جزوی ہڑتال ہے۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس نے تین روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
واضع رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں چند گھنٹے کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہو گئے تھے۔ ٹارگٹ کلنگ کا پہلا واقعہ مسجد روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری کے تاجر رضا سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ایک کرولا کار میں آئے تھے اور کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ چار گھنٹے بعد خدائے داد روڈ پر پیش آیا جس میں نامعلوم مسلح افراد نے جوس کی ایک دوکان پر فائرنگ کر دی جس میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے سول ہسپتال کے سامنے جناح روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فائرنگ کے دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ملزمان کے فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ کے ان واقعات کے خلاف ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی اور انجمن تاجران نے شہر میں آج شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔