کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کو کوئٹہ کے نواحی علاقے نیو کاہان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ بلوچ قوم پرست رہنماء نواب خیر بخش مری کو کوئٹہ کے نواحی علاقے نیو کاہان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مری قبیلے کے سربراہ نواب خیر بخش مری دو روز قبل مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔
ان کی میت خصوصی طیارے کے ذریعے گذشتہ رات کوئٹہ لائی گئی تھی، آج دوپہر ان کی میت کو پہلے ریلوے ہاکی گراؤنڈ لایا گیا جہاں سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور ان کے قبیلے کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے نواب خیر بخش مری کی سیاسی خدمات کو سراہا۔ نواب خیر بخش مری کی میت کو ریلوے ہاکی گراؤنڈ سے ایمبولینس کے ذریعے قافلے کی شکل میں نیو کاہان لایا گیا۔ قافلے میں شریک افراد قوم پرست رہنماء سے اپنی محبت کا مظاہرہ کرتے رہے۔
نواب خیر بخش مری کی نماز جنازہ نیو کاہان کے قبرستان میں اداکی گئی جس میں مختلف سیاسی و قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنوں کےعلاوہ مری قبیلے اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد انہیں نیو کاہان کے قبرستان میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا۔