کوئٹہ: 10 نومبر سے پولیو مہم چلانے کا فیصلہ، محکمہ صحت

Polio

Polio

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں محکمہ صحت نے 10 نومبر سے انسداد پولیو کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر انسداد پولیو کی سہ روزہ خصوصی مہم 11 اضلاع میں چلائی جانے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

اس کے مطابق کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، موسی خیل، نصیرآباد اور جعفر آباداور لسبیلہ کے علاقے حب میں مہم چلائی جائے گی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بارمہم کےدوران اورل ویکسین کےعلاوہ بچوں کو انجیکشن کے ذریعے ویکسین پلانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات اور امور کل چیف سیکرٹری کے متعلقہ حکام سے اہم اجلاس میں طے کئے جائیں گے۔ دوسری جانب گذشتہ روز کوئٹہ میں کمشنر کمبر دشتی کی زیرصدارت اجلاس کےدوران 10 نومبر سے شروع ہونے والی 3 روزہ انسداد پولیو کی مہم کے انتظامات اور اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر کوئٹہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو مہم کو کامیاب کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔