اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ بہت افسوس ناک ہے، پنجاب میں شریف برادران 25 سال سے حکمرانی کر رہے ہیں۔
پنجاب میں برن یونٹ بنانا کس کی ذمہ داری ہے؟ عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کیلئے بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے، پاکستان کو اس سازش سے بچنا اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بہاولپور جانا ضروری تھا، نواز شریف کو کوئٹہ بھی جانا چاہیے تھا۔
چھوٹے صوبوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ پانامہ کیس جے آئی ٹی پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہہ رہے ہیں جے آئی ٹی نے میرے سوالوں کا جواب نہیں دیا، یہ کون ہوتے ہیں جے آئی ٹی سے سوال کرنے والے؟ نواز شریف کے خلاف کرمنل انویسٹی گیشن ہو رہی ہیں۔
جے آئی ٹی کے آنے والے فیصلے کی قوم کو پہلے ہی مبارکباد دیتا ہوں، سب سے زیادہ کرپشن شریف برادران نے کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ روک دیں تو یہاں لوگوں کو نوکریاں دی جا سکتی ہیں، پاکستان سےسالانہ 10 ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔