کوئٹہ: پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کا دھرنوں کے خلاف احتجاج

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ جلسے بھی منعقد کیا گیا، پارٹی قائدین کا کہنا تھا کہ یہ دھرنے غیر جمہوری اور غیر آئینی ہیں۔ پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کا آغاز جناح روڈ پر پارٹی کے دفتر سے ہوا، جو مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی باچاخان چوک پہنچی جہاں جلسہ منعقد کیا گیا۔

جلسے سے صوبائی وزرا اور پارٹی رہنمائوں نے خطاب کیا، جلسے سے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارت وال کا کہنا تھا کہ عوام ،اور تمام سیاسی قوتیں ایک طرف عمران خان اور طاہر قادری دوسری طرف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دھرنے ختم نہ کئے تو ہم بھی کوئٹہ میں دھرنا دیں گے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر عثمان خان کاکٹر کا کہنا تھا کہ ہماری ریلی اور جلسہ آئین اور جمہوریت کے دشمنوں کے خلاف ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہماری نواز شریف سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں غیر جمہوری قوتوں سے کوئی سمجھوتا نہ کریں۔