لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں وکلا نے سانحہ کوئٹہ اور سانحہ مردان کے خلاف عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ، کراچی میں جسٹس لائر فورم کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔
کراچی میں پاکستان بار کونس کی اپیل پر وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔ جسٹس لائر فورم کے تحت سٹی کورٹ سے ایم اے جناح روڈ تک نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے مودی کا جویار ہے ، غدار ہے کے نعرے لگائے۔
اسلام آباد میں وکلا نے سانحہ کوئٹہ اور سانحہ مردان کیخلاف احتجاج کیا اور عدالتی سرگرمیوں کابائیکاٹ کیا ۔ کوئٹہ میں بھی وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے جس کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں 28 روز سے عدالتی سرگرمیاں معطل ہیں۔
پاکستان اور سندھ بار کونسل کی اپیل پر حیدرآباد میں یوم سیاہ منایا گیا ۔ وکلا کا کہنا تھا کہ کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت وکلاء کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، حکومت کو اقدامات کرنے چاہیئے۔
سکھر میں وکلا برداری نے مردان سانحہ کے خلاف ہائی کورٹ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔ اس موقع پر نعرے بازی بھی کی گئی۔