کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 4 اہلکار شہید

Quetta Blast

Quetta Blast

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں موٹرسائیکل پر نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 11 افراد زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ کے علاقے منی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی منی مارکیٹ میں جامع مسجد ہدیٰ کے قریب پولیس کی 2 موبائل نماز تراویح کی سیکیورٹی پر مامور تھی کہ موٹرسائیکل پر نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا۔

ڈی آئی جی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل میں سوار 4 اہلکار غلام نبی، محمد اسحاق، ذوالفقار اور مشتاق شاہ شہید جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب تھا اور دہشت گردوں کا نشانہ پولیس اہلکار ہی تھے، دھماکے سے وہاں کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی نفری موقع پر پہنچی جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ٹراما سینٹر میں زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی۔

پولیس اور ایف سی نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ گھناؤنی سازش کے تحت امن کی صورتحال خراب کرنےکی کوشش کی جارہی ہے، عدم استحکام پیدا کرنے والوں کا مقابلہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لے کر مزید بہتر بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز بلوچستان کے ضلع گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر 3 دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک نیوی اہلکار سمیت 5 افراد شہید اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔