کوئٹہ پولیس کے 250 اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت مکمل کر لی

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں پولیس کے دو سو پچاس اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت مکمل کر لی، کورکمانڈر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو گلے سے پکڑ لیا۔

کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی تربیت پانے والے پولیس اہلکاورں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں پولیس کے دو سو پچاس جوانوں نے شرکت کی۔

پولیس کے اس بیچ میں ڈسٹرکٹ پولیس ، اے ٹی ایف اور دیگر شعبوں سے بھی پولیس اہلکار شامل ہیں۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے اہداف کو نشانہ بنانے اور عمارتوں کو دہشتگردوں سے خالی کرانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

پولیس اہلکاروں نے شاندار پریڈ کے ذریعے مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ناصر جنجوعہ کو سلامی پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کوئٹہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملک میں امن کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔

قوم کو بہت سارے چینلجز کا سامنا ہے ، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے۔ مہمان خصوصی لیفٹنٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے تربیت مکمل کرنے والے پولیس جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔