اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ حملے کے منصوبہ سازوں کا پیچھا کیا جائے گا۔
کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا۔ صوبائی حکام نے وزیر اعظم کو آپریشن سے متعلق لمحہ بہ لحہ باخبر رکھا۔
وزیر اعظم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ چار خودکش بمباروں کے کوئٹہ میں داخلے کی اطلاعات تھیں۔ شہر میں تخریب کاری کا موقع نہ ملنے پر دہشت گردوں نے ٹریننگ سینٹر پر حملہ کیا۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور ان کو انجام تک پہنچائیں گے۔