کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ، تین گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
کوئٹہ میں بائی پاس پر واقعہ لیبر کالونی میں پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث ملزموں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر پولیس ، اے ٹی ایف اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران ایک گھر سے ملزموں نے سیکورٹی فورسز پر گولیاں برسا دیں جس پر اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم غلام صادق مارا گیا۔
جبکہ اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزموں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، پستول اور پانچ دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ فائرنگ سے اے ٹی ایف کے حوالدار دین محمد ، محمد ہاشم اور سپاہی فاروق زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تینوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے ، پولیس گرفتار ملزموں سے تفتیش کر رہی ہے۔