کوئٹہ : غریب شہری کے امراض قلب میں مبتلا 3 بچے علاج کے منتظر

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) جب غربت اور بیماری ساتھ ساتھ گھر میں داخل ہو جائیں، تو زندگی امتحان بن جاتی ہے، ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے کوئٹہ کےایک غریب شخص کو جس کے تینوں بچے دل کےامراض کا شکار ہیں، لیکن باپ کے پاس علاج کے لیے کچھ نہیں۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے سمنگلی کا مزدور شیر محمد اور اس کی بیوی کے لئے زندگی کسی بڑے امتحان سے کم نہیں۔ اللہ نے انہیں دو بیٹوں اور ایک بیٹی کی شکل میں اولاد کی نعمت سے نوازا مگر 11سالہ میر عالم، 7سالہ نادیہ اور 4سالہ شہزاد پیدائشی طور پر دل کی بیماریاں ساتھ لائے ہیں۔ تینوں کےدلوں میں نہ صرف سوراخ ہیں بلکہ ان کے ایک ایک والو بھی بند ہیں۔ ایک جانب غریبی کا امتحان تو دوسری جانب بچوں کی بیماری، اُس پر علاج کی سکت نہ ہونے کی وجہ سے بےبسی۔شیر محمد اور اس کی بیوی کی زندگی اسپتالوں کےچکر لگانے تک محدود ہو گئی ہے۔

وہ اپنے بچوں کے معصوم چہروں کو دیکھتے ہیں تو ان کی بیماری دیکھ کر اُن کے دل دہل جاتے ہیں۔ تینوں بچے خواہش کے باوجود بیماری کے باعث تعلیم سے بھی دور ہوگئے ہیں۔ معصوم میرعالم، نادیہ اور شہزاد کو تو اس بات کا اندازہ ہی نہیں کہ اگر ان کا بروقت علاج نہ ہوا تو کیا ہوگا؟ جب بچوں کو زیادہ تکلیف ہو تی ہے تو والدین انہیں وقتی راحت کےلئے اسپتال لے آتے ہیں، مگر ان کا مسئلہ تو آپریشن سے ہی حل ہوگا، جس کا کوئٹہ میں کوئی انتظام نہیں۔ ان تینوں بچوں کو دل کا موروثی مسئلہ ہے، دل میں سوراخ بھی ہے اور والو بھی بند ہیں۔ ان کو فوری آپریشن کی ضرورت ہے اس سے ہی مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

مؤثر علاج نہ ہونے سے تینوں بچے ہر گزرتے دن کے ساتھ موت کے قریب ہورہے ہیں۔ان کے والدین کو تلاش ہے ایسے مسیحا کی جو بچوں کا علاج کرادے اور نہ صرف اُن کے بچوں بلکہ انہیں بھی نئی زندگی مل جائے۔