کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر الخیر ہسپتال کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زرغون روڈ سے وی آئی پی موومنٹ بھی ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ان کا مزید کہنا ہے دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا ہے ، دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب تھا۔ دھماکے میں تین سے چار کلو باردوی مواد استعمال کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 71 افراد جاں بحق اور 112 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال انور کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تو اس دوران ہسپتال میں زور دار دھماکا ہوا تھا ۔ دھماکے کے وقت سول ہسپتال میں وکلاء اور میڈیا نمائندوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔