کوئٹہ کے علمدار روڈ پر سانحہ مستونگ میں جاں بحق افراد کے ورثا کا میتوں سمیت دھرنا

Protest

Protest

کوئٹہ (جیوڈیسک) سانحہ مستونگ کے خلاف شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ جاں بحق افراد کے ورثاء اور شیعہ علماء کونسل نے میتوں کے ساتھ علمدار روڈ پر دھرنا دے دیا۔

مستونگ میں زائرین کی بس پر خودکش حملے کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور اتحاد تاجران بلوچستان نے دی تھی، جس کی مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی حمایت کی۔

ہڑتال کے باعث ہزارہ ٹاؤن، مری آباد، علمدارروڈ، عبدالستارروڈ، طوغی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس سمیت نجی دفاتر بند ہیں۔

دوسری جانب جاں بحق افراد کے ورثاء اور شیعہ علماء کونسل نے میتوں کے ساتھ علمدار روڈ پر دھرنا دے دیا۔ دھرنے میں شریک شعیہ علما کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ سانحہ مستونگ کے ذمہ داروں کی گرفتاری اور وفاقی حکومت کی جانب سے ٹھوس یقین دہانی تک دھرنا جاری رہے گا۔