کوئٹہ (جیوڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری میں استعمال کیا جانے والا بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہزار گنجی اور نیوکاہان کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 48 مارٹر گولے، دستی بم اور سیکڑوں راؤنڈ برآمد کر لئے۔ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرتے ہوئے صوبے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی اور نیوکاہان سمیت چمن میں 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران فورسز نے ممکنہ طور پر تخریب کاری میں استعمال کیا جانے والا دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔