کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں صوبائی سنڈیمن ہیڈکوارٹر اسپتال کے گائنی وارڈ کے لیبر روم کے باہر سے نوزائیدہ بچہ گم ہوگیا، والدین کا بچے کی گمشدگی پر برا حال ہو گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق آج صبح تقریبا گیارہ بجے زچگی کے بعد بچہ خاتون کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا تھا، تقریبا چار بجے ہمیں بتایا گیا کہ بچہ ان کے پاس نہیں ہے۔
دوسری جانب بچے کے والد کا بھی یہی کہنا تھا کہ زچگی کے بعد بچہ دادی کے حوالے کر دیا گیا تھا، تاہم بعد میں وہ لیبر روم کے باہر سے غائب ہو گیا، ان کا کہنا تھا کہ بچے کی دادی بچہ لیبر روم کے باہر چھوڑ کر اپنی بہو کو دیکھنے کیلئے لیبر روم میں گئی تھیں اِس دوران بچہ غائب ہو گیا، پولیس نے نوزائیدہ بچے کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات اور بچے کی تلاش شروع کردی ہے۔