کوئٹہ : دہشتگردوں کیخلاف کارروائی مکمل، سمنگلی اور خالد ائیر بیس کلیئر قرار

 Khalid Air Base

Khalid Air Base

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں سمنگلی اور خالد ایئر بیسز پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے اور دھماکوں میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے، 9اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ میں پی اے ایف سمنگلی ایئر بیس اور آرمی ایوی ایشن خالد ایئر بیس پر رات ساڑھے گیارہ بجے دہشت گردوں نے بیک وقت حملہ کر دیا۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے 9 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔

اسی دوران تین دہشت گردوں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ خالد ایئر بیس پر ایک اور سمنگلی ایئر بیس پر 7 دہشت گرد مارے گئے۔ نامعلوم سمت سے فائر کئے گئے دو راکٹ بھی خالد ایئربیس کے قریب گرے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔

آئی جی بلوچستان کے مطابق خالد ایئربیس کے قریب دو فاسفورس بموں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں فوج کے 2،پولیس کے 4 اور ایف سی کا ایک اہلکار شامل ہے۔

حملہ غیر متوقع نہیں تھا، ایئر بیسز پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ازبک بتائے جاتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایئر پورٹ کے باہر سے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سرچ آپریشن کے بعد سمنگلی ایئر بیس اور خالد ایئر بیس کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔