کوئٹہ (جیوڈیسک) رکن بلوچستان اسمبلی مجید خان اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے شہید ہونے والا ٹریفک اہلکار عطاء اللہ کا معاملہ، ایم پی اے کچہری میں صحافیوں پر برس پڑے، ریمانڈ کے بناء ہی عدالت سے واپس تھانے منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم پی اے مجید اچکزئی کو ٹریفک اہلکار عطاء اللہ کو دوران ڈیوٹی گاڑی سے کچل دینے کے معاملے پر رات گئے ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا پولیس کی جانب سے انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ تھری شاہنواز لانگو کی عدالت میں پیش کرنے لے لیے کچہری لایا گیا تاہم بناء ریمانڈ حاصل کئے انہیں واپس تھانہ سول لائن منتقل کر دیا گیا۔
ایم پی اے نے اس موقع پر صحافیوں سے تلخ کلامی بھی کی ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو بم دھماکے کی فوٹیج نہیں ملتی مگر اراکین اسمبلی کی فوٹیج مل جاتی ہے، صحافیوں کو یہاں کوریج کرنے خصوصی طور پر بلایا گیا ہے۔ ایم پی اے مجید خان کو کل دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔