کوئٹہ (جیوڈیسک) ڈالر کی قدر گرنے سے مہنگائی ختم ہونے کے حکومتی دعوے اپنی جگہ لیکن کوئٹہ میں تو سبزی بھی پہنچ سے دور ہوگئی ہے اور فی کلو ٹماٹر سو روپے سے اوپر فروخت ہورہا ہے جب کہ فی کلو لہسن کی قیمت میں بھی چالیس روپے کا اضافہ کردیاگیا ہے۔ ڈالر گر گیا ، لیکن سبزی کی قیمتیں بڑھ گئیں ، کوئٹہ میں تو اتنی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے کہ دیکھتے ہی دیکھتے ہیں قیمت بڑھتی ہی چلی جارہی ہے۔
آلو کی قیمت بیس روپے اضافے کے بعد 60 روپے کلو ، ٹماٹر 30 روپے اضافے سے 90 روپے کلو اور کہیں کہیں یہ 100 روپے سے اوپر بھی فروخت ہو رہا ہے، اسی طرح لہسن کی قیمت بھی 40 روپے اضافے کے ساتھ 160 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ادرک کی فی کلو قیمت میں بھی 40 روپے اضافے کے ساتھ 280 روپے تک پہنچ گئی ہے ، پیاز کی قیمت بھی 10 روپے کے اضافے کے ساتھ 40 روپے فی کلو ہوگئی۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ایک طرف موسم کی تبدیلی کے باعث سبزیوں کی کاشت میں کمی تو دوسری جانب ہمسایہ ملک اسمگلنگ بتائی جارہی ہے۔