قرآن پاک کا شعور ترجمے کے ساتھ روزہ کیا ہے؟

Quran

Quran

تحریر: شاہ بانو میر
17 اٹھارہ گھنٹے کی ایسی مشقت جو صرف انسان اپنے ربّ کی خوشنودی کیلیۓ رکھتا ہےـ کیونکہ اللہ پاک کا فرمان ہے کہ روزہ میرے لئے ہے اور اس کی جزا بھی میں دیتا ہوںـ روزہ کیا ہے؟ فاقہ بھوک اور پیاس کا نام؟ جی نہیں روزہ سال بھر کی تہہ در تہہ ذہن پر دل پر دنیاداری کی تہوں کو اتار کر خود کو اللہ کیلیۓ خالص کر کے سابقہ گناہوں کوتاہیوں حقوق و فرائض میں کمی کیلیۓ معافی توبہ کی گردان ہے۔

دنیا کو 11 مہینے جو دیے جس میں قدم قدم پر اپنی ذات کی بڑائی کیلیۓ جائز ناجائز کام کئے ـ لیکن ایسے میں ایک خوبصورت بابرکت مہینہ آگیا جو 70 ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والے کی خاص رحمت پھر ہم جیسے گناہ گاروں کیلیۓ ـ کہ بھول جاؤ پچھلے مہینے لوٹ آؤ میری طرف میں معاف کر دوں گا ـ لیکن ہماری اکثریت یہی سمجھتی کہ سارا دن بھوک پیاس کاٹ کر ہم نے روزے کا اصل پا لیا۔

سوچئے کیا اس روزے کے ساتھ سارا دن آپ کی سوچ نرم رہی؟ آپ نے قرآن پاک کو کھولا اور عقیدت سے پڑھا لیکن کیا پڑھا ؟ کیا سمجھ آئی آپ کو؟ خاموشی یہی جواب ملتا ہے اکثر کی جانب سے اس رمضان کا مقصد رکھیں کہ مجھے صرف عربی میں عقیدت کیلیۓ قرآن پاک نہیں پڑھنا بلکہ اس بار اردو زبان کو شامل نصاب کرنا ہے اور قرآن پاک کو ترجمہ کے ساتھ پورا پڑھنا ہےـ یاد رکھیں یہ شعور کے ساتھ محنت کے ساتھ احتیاط کے ساتھ پڑھا ہوا اردو کا ترجمہ آپ کا یہ رمضان زندگی کا بہترین خوبصورت رمضان بنے گا۔

کیسی کیسی باتیں ہیں اس عظیم کتاب میں کیسے کیسے نبیوں کے واقعات ان کی مشکلات ان کی آزمائشیں ہیں ـ کیسے اللہ پاک نے اس وقت کے ظالموں کو نہتے بے ضرر انسانوں کے آگے سرنگوں کیاـ اور جب سرکشوں نے حد سے تجاوز کی تو کبھی طوفانِ نوح کی صورت تو کبھی ثمود و عاد کی قوم کی تباہی کی صورت کبھی لوط ؑ کی قوم پر سنگباری کی صورت ـ کبھی من و سلویٰ پر ناشکری ،کرتی قوم کو 40 سال تک ایک ہی وادی طویٰ میں بھٹکا بھٹکا کر اللہ پاک نے ان کے حوصلے توڑے ـ آخر کار انہیں کہنا پڑا سمعنا واطعنا تبدیلی کعبہ کا دورانِ نماز وحی خفی کے ذریعے اترنا ا ور آپ ﷺ کا دورانِ نماز ہی یوں رخ کو قبلہ اول سے خانہ کعبہ کی جانب پلٹانا کہ پیچھے نماز پڑہتی خواتین آگے کی جا،نب آگئیں ـ اطاعت کا خوبصورت منظر کسی نے سوال نہیں کیا صرف اطاعت کی ادب کا اعلیٰ مقام ـ کبھی آدمؑ کی گریہ وزاری کہیں ہابیل قابیل کی کہانی تو کہیں ابراہیم ؑ کی قربانیاں کہیں قارون کا دھنسنا تو ،کہیں موسیٰ کا دشمن کے گھر میں پالا جانا جبکہ لڑکوں کا قتلِ عام کیا جا رہا ہو ـ الغرض کیا کیا ہے اس میں جو آپ اردو زبان میں پڑھنے سے حاصل کر سکتے ـ عبادت کا اخلاص اللہ کے ساتھ براہ راست تعلق صرف ترجمہ جوڑتا تھا۔

Allah

Allah

سوچئے شعور کو بیدار کیجیۓ عام ناول رسالہ فلم ہم کس قدر انہماک سے پڑھتے اور دیکھتے کیونکہ ہمیں زبان سمجھ آ رہی ہوتی ہے ـ اس قرآن کو ہم نے اپنی زندگیوں میں فراموش کر کے سنا سنایا دین آسان سمجھ کر کیوں اپنا لیا؟ کیونکہ زبان نہیں آتی ـ اردو ترجمہ بہترین نعم البدل ہے ـ اس کو نہ جاننے کا ہی نتیجہ ہے کہ اسلامی قیمتی مقدس مبارک مہینے میں جب حکم ہے لمحے لمحے سے نیکی کماؤ عبادت ایک لمحے کیلیۓ ضائع نہ کرو ایسے قیمتی مہینے کو دعوتوں افطاریوں کا مہینہ بنا کر وہی سال بھر کا جاری ہنگامہ خیز دور تازہ کر دیا جاتا ـ تازہ دم چہرے جو روزہ رکھتے ہی نہیں ـ بہترین ملبوسات میک اپ سے مزین کھلے ہوئے چہرے خدا کیسے ناراض ہو کر ہمارا غصہ برمی مسلمانوں پر نہ اتارے ؟ ماہِ رمضان میں اہلِ ثروت سے درخواست ہے کہ یہاں دنیا داری کیلیۓ افطاریاں کروانے کی بجائے وطنِ عزیز کے بہت برے حالات ہیں وہاں حقیقی روزہ داروں کیلیۓ پیسے بھجوا کر آخرت میں اپنے لئے معتبر گواہی بنوا لیں۔

حکم ہے کہ متقی لوگوں کو کھانا کھلاؤ ـ جو کھانا آپ کی وجہ سے کسی غریب کے پیٹ میں جائے گا اور وہ اس کھانے کے بعد کوئی قرآن پاک کی قرآت کرے نماز پڑھے ذکرِ خیر کرے یا ایسی تحریر لکھ جائے جو بعد میں مخلوقِ خُدا کے بہت کام آئے تو یہ آپکی آخرت میں پلڑے میں تلے گی سوچئے قیامت تک کا صدقہ جاریہ مسلسل ملنے والی نیکی؟ پھر ان پیٹ بھرے بےروز لوگوں کو کھلانے میں منافع ہے یا اخروی گواہیاں زیادہ کامیاب اور فائدہ مند ہیں ـ ذہن کو جگائیں سابقہ اطوار کو بدلیں طرزِ زندگی کی غلطیوں کو دہرا کر خود کو ڈھیٹ ثابت نہ کریں بلکہ اصلاح کر کے خود کو بہتر بنا کر خامیاں دور کر کے سچی اور پرسکون زندگی کے قریب ہونے کی کوشش کریں ـ زندگی کا عنوان سوچ کا انداز تبدیل ہو جائے گا ـ سکون کی تلاش میں بھٹکنے والے درست جگہہ پیسے استعمال کر کے روحانی سکون پائیں گے اور بہت سے بھوکے لوگوں کی سچی دعائیں بھی ـ بیوقوف نہ بنیں پیسے کو محض چند تعریفیں اور تصاویر کیلیۓ خرچ نہ کریں بلکہ ان پر خرچ کریں جو اس وقت پریشان ہیں اور آپ ان کی پریشانی پیسے بھیج کر دور کر سکتے ہیں۔

دردِ انسانیت سکھاتا ہے یہ قرآن پاک اردو ترجمہ شروع کریں آپ کتنے ہی پیسے والے کیوں نہیں آخر جانا تو قبر میں ہے پیش تو اللہ کے حضور ہونا ہے اور وہاں ان جیسے دوستوں نے منہ پھیر لینا ہے پہچاننے سے انکار کرنا ہے اُس وقت یہی غریب آپ کو مدد کریں گے اللہ کو بتائیں گے کہ آپ نے ان کے روزے آسان کروائے سوچئے کونسا طریقہ کار بہتر آپ کیلیۓ رمضان بناوٹ دکھاوے والا؟

یا بطورِ مسلمان احساس سے محنت سے توجہ سے اور نیت کے اخلاص کے ساتھ دوسروں کا دکھ محسوس کر کے ان کے کام آکے ؟ قرآن پاک کا ترجمہ اس بار ضرور پڑہیں پھر دیکھیں ہم امتِ وسط کا خواب کیسے پورا کرتے ـ ضرورت صرف صاحب حیثیت لوگوں کے درست سمت میں چل کر اسلام کی روح کو سمجھ کر معاشرے کی اسلامی تشکیل کیلۓ کوشش کرنے کی ہےـ سوچئے جذبہ ہمدردی انسانیت قرآن کے ساتھ سمجھ کر رمضان کو گزارنا یہی رمضان میں اعلیٰ جنت کے حصول کا واحد راستہ ہے ـ محنت سے تمام مسلمان اس رمضان کے اصل کو پا سکتے ہیں۔

Shahbano Mir

Shahbano Mir

تحریر: شاہ بانو میر