لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن اٹھا کر جھوٹ بولنے والا شخص انقلاب کے نام پر دھبہ ہے۔ مارچ اور نام نہاد انقلاب کی آڑ میں فساد پید اکرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جمہوری نظام میں مسائل افہام وتفہیم کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں۔
سڑکوں پر فیصلے نہیں ہو تے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتشارکی سیاست سے ملک کو معاشی نقصان پہنچ رہا ہے، موجودہ حالات میں محاذ آرائی کے ذمے داروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، منفی سیاست کرنے والے ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔