کراچی 28 جون 2016 (پ ر) قرآن کے تقاضے پورے کر کے ہی مسلمان اس دنیا میں اپنا قائدانہ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ بات قرآن انسٹیٹیوٹ کیمپس II عائشہ منزل میں منعقدہ دورہ تفسیر کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمن نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پر ایمان کا جتنا زبان سے اقرار ہوگا اتنا ہی اس کا اظہار عمل سے ہوگا، اس قرآن پر تدبر اور تفکر سے ایک فرد نہ صرف اپنے رب کے ذکر میں مشغول ہوتا ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات پورے معاشرے پر اثرات انداز ہوتے ہیں۔ دریں اثنا ناظمہ ضلع وسطی ثمینہ قمر نے خواتین شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف تلاوت قرآن سے ثمرات حاصل نہیں کئے جاسکتے بلکہ اس کے احکامات پر مکمل طور پر عمل پیرا ہو کر ہی انسان اپنے مسائل کا صحیح طور پر حل پا سکتا ہے۔
ہماری اصلاح اور ہماری نسلوں کی تربیت اگر قرآن کے مطابق نہ ہوئی تو ہم ذلت و پستی کا شکار ہوں گے اور اجتماعی طور پر بھی ہمہ گیر منفی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ امت مسلمہ قرآن کو اپنی زندگی میں قائد کا مقام دے اور ہر معاملے میں اس کے فیصلے کو ترجیح دے کر ایک مضبوط اسلامی اجتماعیت تشکیل دے۔ آخر میں سابقہ ایم این اے و نگراں پارلیمانی امور عائشہ منور نے پُراثر مناجات کروائی۔ خواتین کی کثیر تعداد نے اجتماعی دعا میں شرکت کی۔اس موقع پر ناظمہ کراچی فرحانہ اورنگزیب اور نائب ناظمہ کراچی شمینہ عتیق بھی موجود تھی۔