قرآن و سنت کی فرمانروائی کے بغیر تبدیلی نہیں آئے گی، صبوح طلعت

Quran

Quran

کراچی (پ ر) مرکزی شوریٰ کی رکن صبوح طلعت نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا کے مسلمان ایک رول ماڈل اسلامی فلاحی مملکت کی راہ تک رہے ہیں، جس کا دشمنوں کو خدشہ ہے کہ کہیں پاکستان اقوام اسلام کی قیادت نہ کرنے لگے اسی لئے ہر طرف سے تہذیب و تمدن معاشرت ، سیاست اور معاشی حملے پاکستان پر ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین، ضلع وسطی زون نارتھ ناظم آباد اور تیموریہ کے زیر اہتمام دورہ تفسیر کے اختتامی پروگرام سے انجمن کمپلیکس بلاک J، نارتھ ناظم آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کی فرمانروائی کے بغیر تبدیلی نہیں آئے گی، جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا، ظلم و جبر اور استحصالی نظام سے نجات نہیں مل سکتی ہے، استحصالی نظام کے باعث غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے، کروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کو تھام کر مفادات اور عصبیت کی زنجیریں توڑ کر حق اور سچ کی راہ اپنائی جائے کیونکہ صرف ایک قرآن ہی سب فرقوں ، جماعتوں گروہوں ، برادریوں سے نکال کر ہمیں متحد ومنظم کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہم آپنی آنے والی نسلوں کو کونسی تہذیب منتقل کر رہے ہیں ۔ اسلامی معاشرے میں یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اسلامی تہذیب سے روشناس کرائیں ۔ ناظمہ نارتھ ناظم آباد زون نصرت محمود نے پروگرام کے آخر میں دعا کرائی۔

شعبہ نشرو اشاعت
حلقہ خواتین، ضلع وسطی