کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے افسران و ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل کے بروقت ازالے کے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران و ملازمین عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے شکایتی مراکز میں موصول ہونے والی شکایات کو برق رفتاری کے ساتھ ازالہ ممکن بنا ئیں۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے دفاتر اور شاہ فیصل زون شکایتی مرکز کا تفصیلی دورہ کرکے افسران و ملازمین کی حاضری اور شکایتی مرکز میں علاقائی مسائل کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے شکایتی مراکز پر بلدیاتی مسائل کے حوالے سے درپیش عوامی شکایات کا معائنہ کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے تینوں زون شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کو ہدایت کی کہ زون کی سطح پر شکایتی مراکز کو فعال بنا نے کے ساتھ عوامی شکایات کے ازالے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔
شاہ فیصل زون کے دفاتر کا تفصیلی دورہ کرکے افسران و ملازمین کی حاضری چیک کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاکہ تمام محکمہ جاتی افسران اپنی اور اپنے ماتحت عملے کی حاضری اور دفترری اوقات کی پابندی کو یقینی بنا ئیں دفتر سے غیر حاضری اور اوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ عوامی خدمات کے حوالے سے فرائض میں غفلت کا مظاہرہ اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا ئیں۔
علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل کے حوالے سے شکایاتی مراکز میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کرکے اس کی رپورٹ مرتب کریں۔