لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین عاشق رسول ؐ، خادم مخلوقات قائد روحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے کہاہے کہ قربانی کی اصل روح یہ ہے کہ مسلمان اللہ کی محبت میں اپنی تمام نفسانی خواہشات کو قربان کردے۔ لہذا ہمیں من چاہی زندگی چھوڑ کر ربّ چاہی زندگی گزارنی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”قربانی کی اہمیت“کے موضوع پر منعقدہ تربیتی نشست سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کا کہنا تھاکہ حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی زندگی میں صرف یہی ایک عظیم واقعہ نہیں بلکہ انہوں نے پوری زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت وفرمانبرداری میں گزاری،جو حکم بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کو ملا فوراً اس پر عمل کیا۔
جان،مال،ماں باپ، وطن اور لخت جگر غرض سب کچھ اللہ کی رضا میں قربان کردیا، ہمیں بھی اپنے اندر یہی جذبہ پیدا کرنا چاہئے کہ اللہ تعالٰی کا جو حکم بھی سامنے آئے اس پر ہم خوش وخرم عمل کریں۔انہوں نے کہاکہ سنت ابراہیمی کو قیامت تک قرب الہٰی کے حصول کا ایک ذریعہ اور عید الاضحی کا سب سے پسندیدہ عمل قرار دیا گیاہے لہذا اس کو جتنے اخلاص اور اللہ سے محبت کے ساتھ قربانی کی جائے گی اتنا ہی اجروثواب اللہ تبارک وتعالیٰ عطا فرمائے گا۔ہمیں قربانی صرف و صرف اللہ تبارک وتعالیٰ کے قرب اور رضا کیلئے کرنی چاہیے اور اس موقع پر مستحق اور غریب لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہو گا تاکہ ہم اللہ رب العزت کی رحمت کے زیادہ سے زیادہ حقدار بن سکیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔